لیہ :جماعت اسلامی کا فتح پور ٹول پلازہ پر احتجاج، ایم ایم روڈ کی تعمیر میں تاخیر اور ون وے نہ کرنے پر شدید تنقید

لیہ: جماعت اسلامی کی قیادت، ورکرز اور سول سوسائٹی کے ارکان نے فتح پور ٹول پلازہ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں سینکڑوں افراد کی شرکت کے باعث ایم ایم روڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگئی جس سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دودہائیوں سے حکمران غافل ہیں، جس کی وجہ سے عوام ذلیل و خوار ہو رہی ہے اور کوئی پرسان حال نہیں۔ مظاہرین نے مزید کہا کہ ٹوٹی پھوٹی سڑک کی حالت، وارداتوں اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے۔مظاہرین کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں سڑک کے حادثات میں ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ گڑھوں اور کھچکوں سے بھرے سڑکوں کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ منٹوں کا سفر گھنٹوں تک پھیل گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ٹھیکیدار نے تین سال قبل سڑک پر پتھر ڈالے تھے، لیکن اس کے بعد سے کوئی کام نہیں ہوا، جس کے باعث گاڑیاں خستہ حال ہو چکی ہیں۔ مظاہرین نے فوری طور پر ایم ایم روڈ کی تعمیر مکمل کرنے اور اس سڑک کو ون وے کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہو سکے اور عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔



