کراچی ایئرپورٹ دھماکہ میں ملوث ملزمان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی شہریوں کے قافلے پر خود کش حملے میں ملوث 2 ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
سی ٹی ڈی نے ملزمان محمد جاوید اور مسماۃ گل نسا کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا اور مؤقف اپنایا کہ ملزمان نے خود کش حملہ آور کو سہولت فراہم کی، دونوں ملزمان کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے ہے، دہشتگردوں نے ملک دشمن غیرملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا۔
پولیس نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا، جس پر عدالت نے ملزم محمد جاوید اور ملزمہ مسماۃ گل نسا کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں عدالت بھیجنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب خودکش دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ سی ٹی ڈی اور پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور خودکش حملہ آور سے تعلق کے شبہ میں 3 افراد کو گرفتار کیا تھا