رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز نے رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے 12 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔رانا ثنا اللہ کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں 16 اکتوبر 2020 کو گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے دوران درج مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ ایف آئی آر میں کنٹینر ہٹانے اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں خرم دستگیر، عمران خالد اور سلمان خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔پولیس نے رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمے کا چالان تاخیر سے جمع کرایا تھا اور انہیں بے گناہ قرار دیتے ہوئے 173 کی رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی۔ تاہم، عدالت نے پولیس رپورٹ کو مسترد کر دیا اور رانا ثنا اللہ کو طلب کیا۔ مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے وزیراعظم کے مشیر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔