پی ٹی آئی کی قانون شکنی کی تاریخ ہے، حکومت نے صبر سے کام لیا: اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بدھ کو غیرملکی سفارت کاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی ’قانون شکنی کی تاریخ‘ رہی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنان نے 26 نومبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کیا تھا۔پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ سکیورٹی کی متعدد رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے دارالحکومت کے ریڈ زون تک پہنچنے میں کامیاب رہا تھا۔ جس کے بعد سکیورٹی فورسز کے رات میں ایک آپریشن کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنان سے علاقے کو خالی کروا لیا۔اسلام آباد میں بدھ کو وزارت خارجہ میں سفارت کاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے سیاسی جماعت کے احتجاج سے نمٹنے میں مکمل تحمل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے ایک بار پھر حکومت موقف دہراتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے مظاہرین پر گولیاں نہیں چلائیں بلکہ واٹر کینن، آنسو گیس اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری ترجیح ہمیشہ ریڈ زون کو محفوظ رکھنا رہا ہے. اور ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ ہمارے قیمتی سفیر، ہائی کمشنر، ان کے ساتھی، سب اسی علاقے میں رہتے ہیں، اس لیے ہماری حکومت میں یہ ہمیشہ ایک ترجیح رہی ہے کہ ہم اس علاقے، جسے ہم ریڈ زون کہتے ہیں، کو کسی بھی احتجاج یا تشدد سے محفوظ رکھیں۔