PTI کی بار بار دھرنے، احتجاج کی کال اسلام آباد پولیس نفری بڑھانے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں بار بار دھرنے اور احتجاج کی کال دینے کے تناظر میں، وفاقی حکومت نے اسلام آباد پولیس کی نفری بڑھانے اور مزید بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس فیصلے کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس میں 1934 نئی آسامیاں تخلیق کرنے کی منظوری دی ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر ان آساموں کی تخلیق کی سمری وزیر اعظم کو ارسال کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔اس فیصلے کے مطابق، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مینجمنٹ سروسز ونگ نے اس سمری کی حمایت کی ہے۔ ان نئی آساموں میں سولہ گریڈ کے انسپکٹر کی 24، سب انسپکٹر کی 50، اے ایس آئی کی 100، ہیڈ کانسٹیبل کی 180 اور کانسٹیبل کی 1580 آسامیاں شامل ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر مینجمنٹ سروسز ونگ، فرحان اسلم نے ایک مراسلہ جاری کرتے ہوئے وزارت داخلہ کی سیکشن افسر عائشہ جاوید کو سمری کی منظوری سے آگاہ کیا۔اب وزارت داخلہ ان آساموں کی فنانس ڈویژن سے منظوری لے گی کیونکہ بجٹ کی مختصی کا عمل فنانس ڈویژن کے تحت ہوتا ہے۔