شمشاد حسین سرائی اور عاشق حسین میرانی کی الوداعی تقریب
تھلوچی نیوز: گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول میرانی قدیم لیہ میں بندہ ء ناچیز (میں شمشاد حسین سرائی "سینئر انگلش ٹیچر/ماسٹر ٹرینر برٹش کونسل”) اور سینئر ٹیچر عاشق حسین میرانی کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سکول انتظامیہ کی طرف سے ایک باوقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت محترم سید آغا حسن شاہ صاحب (DEO ایجوکیشن لیہ) نے کی۔ مہمانانِ خصوصی میں محترم پروفیسر ڈاکٹر مزمل حسین (سابق پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج لیہ)، محترم توقیر عباس (Dy.DEO لیہ)، اور مہمانانِ اعزاز میں میاں شمشاد حسین سرائی اور عاشق حسین میرانی شامل تھے۔ مہمانانِ محتشم میں محترم وسیم عالم، حاجی جاوید احمد اور صادق حسین میرانی بھی موجود تھے۔نظامت کے فرائض محترم ذیشان منیر صاحب نے انجام دیے۔ تلاوت و نعت کے بعد میاں شمشاد حسین سرائی اور عاشق حسین میرانی نے اپنے سکول میں گزرے ہوئے کامیاب 30 سالوں کا ذکر کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور سبکدوشی پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے بعد پروفیسر ڈاکٹر مزمل حسین، حاجی جاوید احمد، غلام مصطفیٰ قریشی، وسیم عالم، توقیر عباس، اور سید آغا حسن شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دونوں اساتذہ (شمشاد سرائی اور عاشق میرانی) کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سکول کی سو سالہ تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے مستقبل میں بڑی تقریب کرانے کا اعلان کیا اور سکول کی تاریخ کو دیوارِ فضیلت پر لکھوانے کی خواہش ظاہر کی۔تقریب میں تنویر حسین نجف نے میاں شمشاد حسین سرائی کے لیے ایک توصیفی نظم ترنم میں پیش کی، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔ آخر میں پروفیسر ڈاکٹر مزمل حسین نے عاشق حسین میرانی کو سرائیکی اجرک اور میاں شمشاد حسین سرائی کو گفٹ پیکٹ پیش کیا۔ صفدر عباس میرانی نے بھی شمشاد حسین سرائی کو گفٹ پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر یادگاری گروپ فوٹو سیشن ہوئے اور تمام مہمانوں کو لذیذ کھانا پیش کیا گیا۔