بڑا بریک تھرو، حکومت، PTI مذاکرات آج
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری تناؤ کے خاتمے کی اہم پیشرفت، وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی تجویز کو آگے بڑھاتے ہوئے حکومتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور استحکام پارٹی کے ارکان شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی تجویز پر ہو رہے ہیں۔وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول، عبدالعلیم خان اور چوہدری سالک شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم میں عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر شامل ہیں۔ دونوں کمیٹیاں آج بروز پیر پارلیمنٹ ہاؤس میں دن ساڑھے گیارہ بجے ملاقات کریں گی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی نیت میں متضاد بیانات کی وجہ سے شک ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم وزیراعظم نے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کی پوری کوشش کی ہے۔ اسپیکر ایاز صادق نے وزیراعظم کی طرف سے کمیٹی تشکیل دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنا خوش آئند ہے۔مذاکرات کے اس عمل کے آغاز سے حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امیدیں جتائی جا رہی ہیں۔