کرم تنازع کے حل کے لیے جرگہ میں پیش رفت، ایک فریق نے مشاورت کے لیے 2 دن کا وقت مانگ لیا
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات، بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم تنازع کے حل کے لیے جرگہ رات بھر جاری رہا، جس میں دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے۔ تاہم، کچھ نکات پر مزید مشاورت کے لیے ایک فریق نے دو دن کا وقفہ مانگا ہے۔پشاور سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک فریق کے نمائندوں نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے یہ وقت طلب کیا ہے، جس کے بعد جرگہ منگل کو دوبارہ شروع ہوگا۔ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ تمام اہم نکات پر اتفاق ہو چکا ہے اور معاہدے پر دستخط کیے جانے کے بعد بنکرز اور اسلحہ کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایک صدی سے زائد پرانے اس تنازعے کے مستقل حل کے لیے پرعزم ہے، اور وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں جرگہ اس مسئلے کے حل کے قریب پہنچ چکا ہے۔ حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹر اور فضائی سروس فراہم کی ہے۔