ارشد انصاری کا علی ارشد رانا کو ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن بننے پر مبارکباد
تھلوچی(مانیٹرنگ ڈیسک) مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا سے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے ارشد انصاری کو 13ویں مرتبہ لاہور پریس کلب کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے لاہور پریس کلب کے فیز ٹو منصوبے کی بھی ستائش کی، جس کے تحت صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر علی ارشد رانا نے ارشد انصاری کو پنجاب سیڈ کارپوریشن کے امور سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ صحافی معاشرے میں اداروں اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ایم ڈی علی ارشد رانا نے بتایا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے مزید مؤثر بنانے کے لیے 100 روزہ ٹرانسفارمیشن پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، اور سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی قیادت میں مختلف اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے معیاری بیجوں کی تیاری پر دن رات کام کر رہا ہے۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے علی ارشد رانا کو ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے ٹرانسفارمیشن پلان کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ادارہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔قبل ازیں، پنجاب سیڈ کارپوریشن کے دفتر آمد پر ایم ڈی علی ارشد رانا نے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر علی ارشد رانا نے اپنی تصنیف کردہ کتب بھی ارشد انصاری کو پیش کیں ، جنہیں صدر پریس کلب نے سراہا۔تقریب کے اختتام پر، ارشد انصاری کے 13ویں مرتبہ لاہور پریس کلب کا صدر منتخب ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔