سی ایس ایس 2024 کے نتائج میں تاخیر: امیدواروں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کی جانب سے سی ایس ایس 2024 کے نتائج کا اعلان کیے بغیر سی ایس ایس 2025 کے لیے اشتہار جاری کرنا امیدواروں کے مستقبل پر سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ یہ تاخیر نہ صرف ان کے کیریئر بلکہ امتحانی نظام کی شفافیت اور ادارے کی ساکھ پر بھی سوال اٹھاتی ہے۔امیدواروں کے مطابق وہ کئی سال کی محنت، نیندیں قربان کر کے، ہر خوشی ترک کر کے اس امتحان کی تیاری کرتے ہیں، مگر نتائج میں غیر ضروری تاخیر انہیں شدید ذہنی دباؤ اور غیر یقینی کی کیفیت میں مبتلا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سی ایس ایس 2024 کے نتائج کا اعلان نہیں ہوا، تو سی ایس ایس 2025 کا امتحان کیسے ممکن ہے؟طلبہ نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ:1. سی ایس ایس 2024 کے نتائج فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ اپنی آگے کی حکمت عملی طے کر سکیں۔2. سی ایس ایس 2025 کے امتحان کو مناسب وقت کے لیے ملتوی کیا جائے تاکہ تمام امیدوار مکمل تیاری کے ساتھ شریک ہو سکیں۔امیدواروں نے اس معاملے کو انصاف اور میرٹ کے اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس غیر یقینی صورتحال کا فوری نوٹس لیں تاکہ محنتی اور باصلاحیت نوجوانوں کو حق تلفی اور ناانصافی کا سامنا نہ کرنا پڑے



