پشاور کے 3 بڑے اسپتال 6 ماہ سے انسولین اور انستھیزیا ادویات سے محروم، کئی آپریشنز ملتوی
خیبر پختونخواہ کے شہر پشاور کے 3 بڑے اسپتالوں میں 6 ماہ سے انسولین دستیاب نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال( ایل آر ایچ )، خیبرٹیچنگ اسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 6 ماہ سےانسولین دستیاب نہیں ہے جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں انستھیزیا کی ادویات بھی دستیاب نہیں ہیں، مریضوں کا شکوہ ہے کہ انستھیزیا کی ادویات نہ ہونے سے ان کے آپریشنز بھی ملتوی کیے گئے ہیں۔
ترجمان ایل آر ایچ کے مطابق ہمارے پاس زیرعلاج مریضوں کے لیے انسولین دستیاب ہیں تاہم اوپی ڈی مریضوں کے لیے مفت انسولین دستیاب نہیں ہیں۔
ترجمان ایل آر ایچ کا بتانا ہے کہ انستیھزیا کی سپلائی میں معمولی کمی آئی تھی، انستھیزیا کی ادویات دستیاب ہیں لیکن ضرورت کے مطابق دے رہے ہیں اور اسپتال میں سرجریز بھی ہو رہی ہیں۔