صبا فیصل کو بیٹے اور بہو کیخلاف سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرنے پر افسوس
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل کو اپنے بیٹے سلمان اور بہو نیہا ملک کے خلاف سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرنے پر افسوس ہے۔
صبا فیصل نے حال ہی میں یوٹیوبر نادر علی کی پوڈ کاسٹ میں اس بات کا اعتراف کیا کہ بیٹے اور بہو کے خلاف سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرنا ان کی بہت بڑی غلطی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں سلمان کی ماں ہوں اور مجھے اپنے بیٹے اور بہو کے خلاف سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر نہیں کرنی چاہیے تھیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ یہ میری زندگی کا وہ لمحہ تھا جب میں نے خود کو بہت کمزور محسوس کیا، اس دوران میں اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکی اور وہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں جو وائرل ہوئیں اور ان پر بہت تنقید بھی ہوئی۔
صبا فیصل نے اسکرین پر اپنے منفی کرداروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی ویژن پر ساس کے روپ میں اکثر منفی کرداروں میں نظر آتی ہوں اس لیے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میں حقیقت میں بھی ایسی ہی ساس ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ ڈراموں میں منفی کردار ادا کرنے والے اداکار اصل زندگی میں بھی تنقید کا نشانہ بنتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں نے اپنے بچوں کی کس طرح کی پرورش کی ہے یہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے رشتوں کے ساتھ کھڑے ہیں جیسے کہ میرا بیٹا سلمان ابھی اپنی بیوی نیہا کے ساتھ ہے۔
صبا فیصل نے یہ انکشاف بھی کیا کہ میں نے نیہا کو بطور بہو منتخب کیا لیکن آخری فیصلہ میرے بیٹے کا تھا۔
واضح رہے کہ اداکارہ صبا فیصل نے کچھ دنوں پہلے اپنے بیٹے سلمان اور بہو نیہا کے خلاف سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
شیئر کی گئی ویڈیوز میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں کبھی بھی اپنے گھر اور نجی معاملات کو اس طرح زیرِ بحث نہیں لائی لیکن اب مجبوراً مجھے یہ آپ سب کو بتانا پڑ رہا ہے، جو لوگ مجھے نیہا کی سوشل میڈیا پوسٹس پر گالیاں دے رہے ہیں، میں نے بہت ہی خوبصورت زندگی گزاری ہے۔
اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیہا جیسی منفی عورت جب کسی خاندان میں آ جاتی ہے تو گھر ٹوٹتے ہیں، میں پچھلے 4 سال سے اپنے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں۔