خبریں

اسلام آباد میں خودکش دھماکا، پولیس اہلکار شہید

اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین فور میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 1 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین شہید ہوا ہے جبکہ زخمی اہلکاروں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں مشتبہ گاڑی کا ڈرائیور بھی ہلاک ہوا ہے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق گاڑی میں ایک مرد اور ایک عورت سوار تھی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور چیکنگ چل رہی تھی کہ اس دوران پولیس جوانوں نے چیکنگ کے لیے مشکوک گاڑی کو روکا۔

پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ گاڑی رُکتے ہی خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے فوری بعد پولیس بھی جائے دھماکا پر پہنچ گئی تھی۔

وزیرِ داخلہ نے دھماکے سے متعلق کیا کہا؟
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہائی ’ویلیو ٹارگٹ‘ کو نشانہ بنانے کے لیے آج صبح بارود سے بھری گاڑی راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ایگل اسکواڈ نے گشت کے دوران مشکوک سمجھتے ہوئے گاڑی کو روکا تو اسی دوران گاڑی میں دھماکا ہوگیا جس میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

تحقیقات کا آغاز
وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی مدد سے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پتہ چلایا جائے گا کہ گاڑی کہاں سے آئی۔

راولپنڈی میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ

رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں خود کش دھماکے کے بعد ضلع راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

For copy this text contact us :thalochinews@gmail.com