2023 کے الیکشن بھی پاکستان تحریک انصاف جیتے گی: عمران خان
اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باوجود اُمید ہے کہ 2023 کے الیکشن تحریک انصاف جیتے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘انسٹاگرام’ پر سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سالِ نو کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ 2022 بیک وقت بہترین اور بدترین تھا ذاتی مفاد میں گُندھی ایک سازش کے ذریعے بہترین معاشی کارکردگی دکھانے والی حکومت کو ہٹایا گیا اور پاکستان کو مجرموں کے ایک گروہ کے حوالےکردیا گیا۔
اس گروہ نے معیشت زمیں بوس کی:عمران
پی ٹی آئی چیئرمین عمران احمد خان نیازی نے کہا کہ اس گروہ نے معیشت زمیں بوس کی، خود کو این آر او 2 دیا اور نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے تمام وائٹ کالر کرمنلز کیلئے لوٹ مار کے دروازے کھول دیئے۔ یہ سال بہترین یوں تھا کہ اسی دوران میں نے اہلِ پاکستان کو ایک قوم کےسانچے میں ڈھلتے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور مقتدرہ کی مکمل پشت پناہی سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے یکجا ہو کر تحریک انصاف کیخلاف صف آراء ہونے کے باوجود تحریک انصاف غیر معمولی عوامی تائید و حمایت سے 75 فیصد ضمنی انتخابات میں فتحیاب رہی اور اس نےخود کوصحیح معنوں میں ایک قومی جماعت کےطور پر منظم کیا۔
عمران خان نے کہا کہ آجکل قومی منظرنامے پر خصوصاً دیوالیہ پن کے امکانات کے باعث چھائی مایوسی کے باوجود میرا رب العزت پر ایمان اور اپنی قوم پر اعتماد ہے کہ تحریک انصاف بلاشبہ 2023 میں انتخاب کے ذریعے ایک مضبوط حکومت قائم کرے گی اور پاکستان کو بحرانوں کی اس دلدل، جس میں امپورٹڈ سرکار اور اسکے سرپرستوں نے ملک کو دھکیلا ہے اس سے نجات دلوانے کیلئے ٹھوس ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروائے گی۔