مریم نواز ابوظبی سے پاکستان کیلئے روانہ
لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز ابوظبی سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز آج ہفتے کے روز سہ پہر 3 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گی جبکہ انکے استقبال کیلئے لیگی کارکنان ائیر پورٹ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
مریم نواز کے استقبال کے لئے ایئرپورٹ سے جاتی امرا تک راستے میں بینرز، پوسٹرز آویزاں کردیئے گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر لاہور ایئرپورٹ کے باہر استقبالیہ کیمپ پر اکٹھے ہونے والے لیگی کارکنوں سے خطاب کریں گی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے مریم نواز کو ریلی کی صورت میں لے جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ مریم نواز تقریبا ساڑھے 3 ماہ کے بعد وطن واپس پہنچ رہی ہیں۔ وہ اکتوبر کے شروع میں لندن روانہ ہوئی تھیں۔