ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی کے ساتھ کاروباری دِن کا آغاز
کراچی: انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی کے ساتھ کاروباری دن کا آغاز ہوگیا۔
آج جمعرات کے روز کاروبار کا آغاز ہوا تو ڈالر کی قدر ابتدا میں صرف 21 پیسے کی کمی سے 273.11 روپے کی سطح پر آ گئی۔ بعد ازاں بتدریج انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 2.32 روپے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر تقریباً 271 روپے تک گر گیا۔
بعد ازاں روپے کے مقابلے میں انٹربینک میں ڈالر کی قدر 5 روپے 09 پیسے کی کمی سے 268.23 روپے کی سطح پر آ گئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 5روپے کی بڑی کمی سے 274روپے کی سطح پر آگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں کمی بیشی کا سلسلہ جاری رہا، جو کاروباری دن (بدھ) کے اختتام تک 2.96 روپے کی کمی کے ساتھ 273.32 روپے پر بند ہوا تھا۔
دریں اثنا آج کاروباری دن کے آغاز ہی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 474پوائنٹس کی تیزی ہوئی جس سے 100انڈیکس بڑھ کر 42198 پوائنٹس کی سطح پر آگیا