مظفر گڑھ ملتان روڈ کی مرمت ہو گی، پارک کو عوام کے لئے جلد کھولا جائے گا۔محسن نقوی
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی صوبائی وزرا،چیف سیکرٹری اور دیگر افسران کے ہمراہ کوسٹرز میں مظفر گڑھ پہنچے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ اورانڈسٹریل اسٹیٹ سائیٹ کے دورے کئے۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے رجب طیب اردوان ہسپتال سے ملحق نیا نرسنگ سکول بنانے کا اعلان کیااور رجب طیب اردوان ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ایمرجنسی،آپریشن تھیٹر، استقبالیہ کاونٹر،ڈائیلسز یونٹ کا معائنہ کیا۔انہوں نے ویٹنگ ایریامیں مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی،مریضوں کی خیریت اور ہسپتال میں طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ایک بزرگ مریض کے توجہ دلانے پر انہیں فوری طور پر ہسپتال داخل کرنے کی ہدایت کی۔
بزرگ مریضہ نے وزیر اعلی کو دیکھ کر ان سے شفقت کا اظہار کیا اور دعائیں دیں۔ وزیراعلی نے اس موقع پر6 ماہ سے کڈنی ٹرانسپلانٹ کے منتظر 17 سالہ لڑکے کو فوری طور پر پی کے ایل آئی منتقل کرنے کی ہدایت کی اورڈائیلسز کے مریضوں کا بیک لاگ ختم کرنے کے لئے پلان طلب کر لیا۔محسن نقوی نے کہا کہ اضافی شفٹ اور مزید ڈائیلسز مشین کے ذریعے مریضوں کو سہولتوں دی جائیں۔
وزیر اعلی محسن نقوی کو ہسپتال کے امور سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔وزیراعلی نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہاراور مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلی رجب طیب اردوان ہسپتال دورہ کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ پہنچے اور استقبالیہ کانٹر پر پرچی کے اجرا کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے سی ٹی سکین روم،ایکسرے اور ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ،سرجیکل اور میڈیکل وارڈز کا جائزہ لیا۔وزیراعلی نے ادارہ برائے نفسیات وترک منشیات کا دورہ بھی کیا۔
زیراعلی محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور لواحقین سے علاج،ادویات اوردستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلی نے مریض کی طرف سے استعمال شدہ سرنج کے دوبارہ استعمال کی شکایت پر فوری تحقیقات کا حکم دیا اورکہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے تحفظ کے لئے انفیکشن فری ماحول کی فراہمی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم،ڈاکٹرجمال ناصر،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت،انسپکٹر جنرل پولیس،ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
بعدازاں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی محسن نقوی نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ بڑے شہروں کے بیشتر ہسپتالوں سے بہت بہتر ہے۔ پرائمری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے ہسپتالوں کا سٹرکچر بہت بہترین ہے لیکن مزید بہتری کی گنجائش ہے۔
اگر ڈی ایچ کیو ہسپتال اچھا کام کریں تو بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں رش نہیں پڑے گا۔رات گئے نشترہسپتال ملتان کا دورہ کیا،نشتر ہسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ سے بد تر حالت میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ نشترہسپتال ملتان کے ایم ایس کو تبدیل کردیا ہے،مزید تبدیلیوں پر غور جاری ہے۔
ملتان میں بلوچستان اور سندھ سے لوگ علاج کے لئے آئے ہوئے ہیں۔پوری ٹیم طیب اردگان ہسپتال گئی ،ہسپتال دیکھ کر دل خوش ہواہے،لاہور کے ہسپتالوں سے بھی بہتر ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا 2دن کا یہ دورہ بھرپور ررہا ہے،کابینہ اور افسران رات 2بجے تک فیلڈ میں موجود رہے۔جنوبی پنجاب میں رہنے کا مقصد لوگوں سے ملنا اور ان کے مسائل کے بارے جاننا تھا۔ جنوبی پنجاب کے دورے سے وزرا اور افسران کافی کچھ سیکھ کر جا رہے ہیں۔
جب تک حکومت میں موجود ہیں جنوبی پنجاب میں آتے رہیں گے۔ جنوبی پنجاب دورے کے دوران جو مسائل سامنے آئے ہیں حل کریں گے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ نرسز کی تعداد میں کمی کی وجہ سے طیب اردگان ہسپتال میں نرسنگ ہسپتال قائم کیا جائے گا۔
ہم صرف اعلان نہیں کرتے بلکہ جب کام ہوجائے تو بتاتے ہیں۔ مظفر گڑھ ملتان روڈ کی مرمت کی جائے گی۔ مظفر گڑھ میں قائم واحد پارک کو عوام کے لئے جلد کھولا جائے گا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے مظفر گڑھ انڈسٹریل اسٹیٹ کی سائٹ کا بھی دورہ کیا،وزیر اعلی محسن نقوی کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔صوبائی وزرا،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔