"ضلع میں پولیو سے بچاؤ کی مہم کی تیاریاں مکمل، 16 دسمبر سے شروع ہوگی”
ضلع میں بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے مہم کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے افسران اور متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سب نیشنل امیونائزیشن مہم 16 دسمبر سے شروع کی جائے گی، جس کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں پولیو ٹریننگ کا جائزہ لیں گے اور ناقص کارکردگی کی صورت میں پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے بتایا کہ اس مہم کے دوران 1797 ٹیمیں خدمات انجام دیں گی اور ضلع کے 58 ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی فوکس رکھا جائے گا تاکہ سفر کرنے والے بچوں تک پولیو ویکسین پہنچ سکے۔ عوام میں آگاہی کے لیے بھرپور مہم چلانے کی بھی ہدایات دی گئیں۔