ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کا خواتین کے لیے پنک گیمز اور مینابازار کرانے کا فیصلہ
لیہ کی پہلی خاتون ڈپٹی کمشنر میرا بیدار نے خواتین کے لیے پنک گیمز اور مینابازار کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جو ضلع کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہوگا۔ پنک گیمز میں تمام سرگرمیاں صرف خواتین کی شرکت کے لیے مخصوص ہوں گی۔ اس ایونٹ میں کھیلوں کے مقابلے، سٹالز، مشاعرہ، موسیقی، تفریحی مقابلے، کوکنگ اور دیگر دلچسپ سرگرمیاں شامل ہوں گی۔تفصیل کے مطابق، ڈپٹی کمشنر میرا بیدار کی زیر صدارت پنک گیمز کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثنا اللہ ہنجرا، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امتیاز احمد بھٹی، ڈپٹی ڈی ای او تعلیم، ضلع کونسل حکام اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر میرا بیدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سپورٹس کمپلیکس میں صرف خواتین کے لیے پنک گیمز کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ایک میلہ جیسا ماحول بنایا جائے گا اور مینابازار کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔”انہوں نے مزید بتایا کہ پنک گیمز میں ہاکی، فٹ بال، والی بال، اور بیڈمنٹن کے مقابلے ہوں گے۔ اس کے علاوہ خواتین کے لیے محفل مشاعرہ، محفل موسیقی اور کوکنگ کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ صنعت زار، محکمہ صحت اور ریسکیو کی خواتین اہلکار اپنے شعبوں سے متعلق آگاہی فراہم کریں گی۔ مزید برآں، دوسری تحصیلوں سے آنے والی بچیوں کے لیے فری ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر میرا بیدار نے ڈی ایس او امتیاز احمد بھٹی کو پنک گیمز کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔یہ ایونٹ نہ صرف خواتین کی کھیلوں میں شرکت کو بڑھاوا دے گا بلکہ انہیں تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا بھی بھرپور موقع فراہم کرے گا۔