پی پی پی کا صوبوں کے ساتھ وفاقی حکومت کی یقین دہانیوں پر عدم اعتماد
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلیٰ نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو کی جانے والی یقین دہانیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس کراچی میں پی پی پی کے اہم رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر، خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی، سندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ، بلوچستان کے وزیراعلی میرسرفراز بگٹی اور پی پی پی کے سینئر رہنما سید نوید قمر نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اور شرکا نے وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بارے میں چیئرمین بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔ پی پی پی رہنماؤں نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کے ساتھ کی جانے والی یقین دہانیوں پر پیش رفت میں کمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان وعدوں پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس میں شریک رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ اپنے رابطوں کو تیز کریں تاکہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ان رابطوں کے مثبت نتائج سامنے آ سکیں۔