ڈی پی او لیہ کاایکشن: 12 پولیس افسران کو سزا، 5 افسران کی سروس ضبط، کارکردگی کا احتساب جاری

لیہ(کرائم رپورٹر) بدعنوانی اور محکمانہ کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے احتساب کا عمل جاری ہے۔ ڈی پی او محمد علی وسیم نے اردل روم میں شوکاز نوٹس کے تسلی بخش جواب نہ دینے پر 12 پولیس افسران کو سزائیں دیں۔تفصیلات کے مطابق، ناقص کارکردگی اور اشتہاری ملزم کی گرفتاری میں ناکامی پر دو افسران کی ایک سال کی سروس ضبط کر دی گئی۔ اسی طرح پارسل میں تاخیر سے جمع کروانے پر ایک پولیس افسر کی ایک سال کی سروس ضبط کی گئی۔اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر دو افسران کی چھ ماہ سروس ضبط کی گئی جبکہ مقدمہ بروقت یکسونہ نہ کرنے اور پارسل میں تاخیر پر پانچ افسران کی تین ماہ کی سروس ضبط کی گئی۔تاہم، بارہ افسران کے جواب تسلی بخش ہونے پر ان کے شوکاز نوٹس داخل دفتر کر دیے گئے۔ڈی پی او محمد علی وسیم کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی پر پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ ناقص کارکردگی پر سرزنش کی جائے گی۔



