ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کا بڑا اقدام: یونین کونسل سطح پر مسائل کا حل فراہم کرنے کا منصوبہ

لیہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن گڈ گورننس کے تحت عوامی خدمات کی فراہمی میں اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ حکومت نے ضلع کی یونین کونسل سطح پر خدمات دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے بجائے اپنے علاقے میں ہی ضروری سہولتیں مل سکیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ضلع بھر میں یونین کونسلز کو ماڈل یونین کونسل بنانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ماڈل یونین کونسلز میں طلبہ، صحت، صفائی، زراعت، لائیو سٹاک، نئی آبادیوں، سرکاری و پرائیویٹ عمارات، سڑکوں، امن عامہ اور دیگر بنیادی سہولتوں کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی، اور ان مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید خان، ثنا اللہ ہنجرا، نور محمد، اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر ایک یونین کونسل کو ماڈل کے طور پر منتخب کیا جائے گا اور اس کے بعد یہ عمل بتدریج دیگر یونین کونسلز تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر یونین کونسل میں ڈیٹا بیس بنایا جائے گا جس میں روزنامچہ کی طرز پر تمام معلومات درج کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنا ان کا فرض ہے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو فیلڈ میں جا کر عوام کے مسائل حل کرنے چاہئیں۔



