بشریٰ بی بی توشہ خانہ کیس کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئیں
اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اٹک جیل میں شوہر سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی جس کے بعد وہ اسلام آباد آکر توشہ خانہ کیس کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ان سے ملنے جیل پہنچیں اور عمران خان سے ملاقات کی جو کہ دو گھنٹے تک جاری رہی،ملاقات کے بعد اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں جہاں توشہ خانہ کیس کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں۔
انہیں سیشن عدالت نے آج ڈی آئی جی آفس میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی تھی جس پر بشریٰ بی بی توشہ خانہ کیس میں دکان کی جعلی رسید بنانے کے تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ میں اپنا بینا ریکارڈ کرایا۔جے آئی ٹی نے مقدمہ422/23میں بشریٰ بی بی سے تحقیقات کے لئے سوالات کیے۔بشریٰ بی بی اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک گھنٹے تک جے آئی ٹی کے سامنے شامل تفتیش رہیں جس کے بعد وہ واپس روانہ ہوگئیں جے آئی ٹی نے بشریٰ بی بی سے20کے قریب سوالات کیے۔
پی ٹی آئی لیگل ٹیم کی قراۃ العین عائشہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ جے آئی ٹی ٹیم نے بشریٰ بی بی گھڑی کی خریداری کے حوالے سے سوالات کیے۔قراۃ العین عائشہ کے مطابق بشریٰ بی بی نے کہا کہ میں نے کبھی گھڑی خریدی نہ بیچی ہے اور نہ ہی حصہ دار رہی ہوں۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ میرے خاوند پر اس مقدمے سمیت تمام مقدمات اور الزامات جھوٹے ہیں۔