پنجاب گروپ آف کالجز کوٹ ادو کیمپس کی طرف سے ہادی عالم ﷺ کانفرنس کا انعقاد
رپورٹ:حنیف سیماب پی آر او پنجاب کالج کوٹ ادو
پنجاب گروپ آف کالجز کوٹ ادو کیمپس کی طرف سے ہادی عالم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کانفرنس کا انعقاد ۔۔۔
ایک بار اور بھی یثرب سے فلسطین میں آ
راستہ دیکھتی ہے مسجد اقصیٰ تیرا۔
فکری ارتقاء، ذہن انسانی کا وہ سرمایہ ہے جس سے فرد کے روحانی وجود کی نمو ہوتی ہے اور ہر فرد فکری بحران اور ارتقائی معکوسیت سے بچنے کےلیے رہبر کامل کی تلاش میں رہتا ہے جس سے جسم وجان کو بالیدگی اور توانائی ملتی ہے۔ پنجاب کالج کی نصابی سرگرمیاں ہوں یا غیرنصابی یا پھر اس کے نتائج۔۔۔الحمداللہ۔۔۔۔اس کا کوئی ثانی نہیں۔۔۔گذشتہ روز پنجاب کالج نے اپنے نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے مقدس ماہ کے باعث ہر سال کی طرح ہادی عالم کانفرنس کا انعقاد کیا اور اپنی فکر کوعشق نبی سےمنسلک کرکےاپنے حرفوں کو آفتاب اقبال کردیا۔ پنڈال کو بڑے تزک و احتشام اور انتہائی خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔ صبح 9 بجے سے ہی معزز مہمانان گرامی کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ہزار کے لگ بھگ پنجاب کالج کی خوبصورت یونیفارم میں ملبوس طلباء اور مہمان اس روح پرور محفل سے پوری طرح لطف اندوز ہورہے تھے۔ مہمانان گرامی اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو جناب محمد اصغر اقبال لغاری، مولانا اشفاق قاسمی، مولانا مفتی عاصم، پروفیسر رضوان غزالی بوائز کالج کوٹ ادو،ڈاکٹر ضیا انجم نتکانی ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال کوٹ ادو، مفتی رہاض سعیدی، ملک عبدالغفار اسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کوٹ ادو، سید اظہر حسین شاہ پرنسپل دارالصفہ سکول منہاں شیخ عمر، انعام الحق پرنسپل شانزے سکول، امجد خان گورمانی پرنسپل نیو شانزے سکول، جمشید خان نتکانی کیمرج المرتضی سکول کوٹ ادو، سید محمد ارباز بخاری ڈائریکٹر لوح وقلم سکول کوٹ ادو، قاری عبدالوہاب کیمرج صادق سکول کوٹ ادو وقفہ وقفہ سے تشریف لائے تو پرنسپل پنجاب کالج پروفیسر حافظ محمد صاحب نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ان کا بھرپور استقبال کیا۔طلباء کے درمیان نعت رسول مقبول، قرآۃ کے علاوہ سیرت طیبہ پر مبنی تقریری و کویئز مقابلہ ہوا، طلباء نے خوب جوہر دکھائے۔ان کے فنی جمال میں زبان کی لطافتیں اور بیان کی ندرتیں خوب دیکھنے کو ملیں۔
محمد نہ ہوتے زمین، آسمان کی کہانی نہ ہوتی۔
۔۔مرے آج ہونے نہ ہونے کی کوئی نشانی نہ ہوتی۔
معزز مہمانان گرامی برادرمحمد اصغر اقبال لغاری، مولانا اشفاق قاسمی، پروفیسر رضوان غزالی نے سٹیج پر خوب رنگ جمائےاور تقریب میں موجود اذہان و قلوب کو بالیدہ و منور کردیا اور ہادی عالم صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس کو امتیازی و انفرادی بنا دیا۔زبان و بیان پر ایسی قدرت کہ سبحان اللہ۔۔۔۔مولانا اشفاق قاسمی صاحب کا خطاب علم ادب کی اکملیت اور جامعیت کا پیکر تھا۔تمام قابل احترام مقررین کے متنوع مضامین ،انداز بیاں ہم سب کےلیے حیرت فضا، نظر کشا اور جانفزا تھے۔
جب سے دیوار پہ لکھا ہے محمد میں نے
مرے کمرے میں مدینے کی ہوا آتی ہے۔
بہاولپور کی دھرتی سے تشریف لانے والے ہمارےمعزز مہمان معروف نعت خواں حافظ محمد وسیم نواز نے حمد باری تعالیٰ اور مدحت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرکے جو عشق و عقیدت کا منظر نامہ پیش کیا اس نے اپنے جمال سےہمارے اذہان و ذوق کو پرجمال بنادیا۔
مقابلہ میں حصہ لینے والے طلباء میں انعامات ، سرٹیفکیٹس معزز مہمانوں نے تقسیم کیے جبکہ مہمانان گرامی کو پنجاب کالج کی طرف سے منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب کالج برادر محترم مختیار احمد رحمانی صاحب اور پرنسپل پروفیسر حافظ محمد صاحب نے یادگاری شیلڈ پیش کیے اور بصد احترام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
آخر پر صرف اتنا کہوں گاکہ اس ہادی عالم کانفرنس کو پرنسپل پنجاب کالج جناب پروفیسر حافظ محمد صاحب اور ان کی ٹیم نے بتوفیق ایزدی حسن فنی و معنی سے آراستہ کرکے ایک ایسا نذرانہ عجز و عقیدت مرتب کیا جسے انشاء اللہ تعالیٰ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں قبولیت حاصل ہوگی۔۔۔۔اور اسی لیے تو ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دامان طلب کشادہ کرتے ہیں۔ اس سے، صرف اسی سے ، شہ کونین صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے ،اپنی تمناؤں کو بامراد کرتے ہیں اور پنجاب کالج کی ہمیشہ کامیابی کےلیے دعاگو ہیں۔۔۔بہت جیو۔۔۔۔شاداب رہو۔۔