محلہ شریف پورہ میں سیوریج سسٹم کی بدتر حالت، شہریوں کو مشکلات کا سامنا، ڈی سی لیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

لیہ (سٹاف رپورٹر)لیہ کے محلہ شریف پورہ میں سیوریج سسٹم کی بدتر حالت نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ برسوں سے سیوریج لائنز کی صفائی اور مرمت نہ ہونے کے باعث گلیوں میں پانی کا جمع ہونا ایک معمول بن چکا ہے، جس سے بدبو اور گندگی پھیل گئی ہے اور رہائشیوں کو چلنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارشوں کے دوران یہ مسئلہ مزید بڑھ جاتا ہے، جس کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ چکا ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس سنگین صورتحال کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی خاطرخواہ اقدام نہیں اٹھایا جا رہا، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی ہو رہی ہے۔ علاقے کے رہائشیوں نے ڈپٹی کمشنر لیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور سیوریج سسٹم کی حالت کو درست کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ عوام کو اس اذیت سے چھٹکارا مل سکے۔



