لیہ میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ۔حکومت پنجاب کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ متحرک۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر خالد پرویز کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز شرجیل حفیظ وٹو،قدسیہ ناز،اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید،ایکسین میپکومحمدعلی تنو،ڈی ایس پی محمداظہرودیگر موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر خالدپرویز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بجلی چوری روکنا ہمارا قومی فرض ہے بجلی چوری کی وجہ سے عوام پر بوجھ پڑ رہا ہے حکومت پنجاب عوام کو بلوں کے اضافی بوجھ سے بچانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور ضلع پولیس بجلی چوری کے انسداد کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی متعلقہ اے سی اور ایس ایچ او میپکو ٹیموں کے بھرپور معاونت کریں گے بجلی چور کے خلاف موقع پر ایف آئی آر درج ہوگی متعلقہ ایس ایچ او بجلی چور کا 14 دن میں چالان پیش کرے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ بجلی چوری روکنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ عوام ڈی سی آفس کمپلینٹ سیل 920016۔0606 پر بجلی چوروں کی شکایت درج کروائیں یا پھر میپکو آفس لیہ کے کمپلینٹ سیل 920299۔0606 اور ٹال فری 8118 پر بھی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ اجلاس میں ایکسین میپکو لیہ محمد علی تنونے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ضلع میں گزشتہ سال بجلی چوروں سے 8 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد ریکوری گی گئی بجلی چوری کی روک تھام کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔