سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری صحت کا لیہ کا دورہ
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری صحت لاہور علی جان خان نے ضلع لیہ کا ایک روز ہ دورہ کیا۔انہوں نے ٹی ایچ کیولیول ہسپتال کوٹ سلطان وتحصیل کروڑ،تھل ہسپتال لیہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد پرویز،چیف ایگزیکٹو آفیسرصحت ڈاکٹرشاہدریاض،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹرشاہد محمود ہمرا ہ تھے۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری صحت لاہور علی جان خان نے ڈی ایچ کیوہسپتال لیہ میں میڈیکل وارڈ،آپریشن تھیٹرز،فزیوتھراپی یونٹ،سی ٹی سکین،ڈائیلاسز یونٹ،سرجیکل وارڈ،میڈیسن سٹور،پتھالوجی لیب اور ایمرجینسی کا معائنہ کیا۔انہوں نے چلڈرن وارڈ میں شعبہ نرسری کامعائنہ کرتے ہوئے نوزائیدہ بچوں کے علاج معالجہ کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے ڈاکٹرز،سٹاف،ڈیوٹی روسٹرکے مطابق طبی عملے کی حاضری اور موجودگی کو چیک کیا۔سیکرٹری صحت نے واش رومز،مختلف وارڈز میں صفائی،ڈسٹ بن کی موجودگی،ایس اوپیز کے مطابق کام،پرچی کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے گراسی پلاٹس کا بھی معائنہ کیا۔سیکرٹری صحت علی جان خان نے میڈیسن سٹور میں مختلف ادویات کی موجودگی اور ان کی تاریخ اختتام کی بھی چیکنگ کی۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب علاج معالجہ کی جدید اور معیاری سہولیات دور دراز علاقوں میں مہیاکرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال کی ایمرجینسی،آوٹ واِن ڈور،پتھالوجی لیب میں آنے والے مریضوں کا بلاتاخیرومیرٹ کی بنیادوں پر دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوے علاج معالجہ کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں مریض علاج معالجہ،مجبوری میں اور دکھ میں آتے ہیں ان کابہترعلاج معالجہ کیاجائے اور خوش اخلاقی سے پیش آیاجائے تاکہ وہ ہسپتال میں اپنے آپ کو بہتر صحت مندو توانا محسوس کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ اس شعبہ کو خدمت خلق او رنیکی کی نیت سے ادا کیاجائے تاکہ دین و دنیامیں سرخرو ہوکر مخلوق خدا کی دعائیں لی جاسکیں۔ سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری اسپتالوں میں صحت سہولیات اور سروسز کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ مدر اینڈ چائلڈ اسپتال اگلے سال مکمل ہو جائے گا۔ مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سٹیٹس تبدیل نہیں ہو رہا تاہم پیچیدہ امراض کے علاج کے لئے جنرل شعبہ کا قیام زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کے گائنی وارڈ میں کسی بھی پرائیویٹ اسپتال کے مقابلے میں زیادہ بہتر سہولیات موجود ہیں اور بالکل مفت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ سے اب سرکاری اسپتالوں سے بھی علاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈی ایچ کیو لیول ہسپتال میں 10 ڈائلیسس مشینوں پر مشتمل یونٹ کام کر رہے ہیں۔اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسرصحت ڈاکٹرشاہدریاض نے ہسپتالوں کے مختلف اموربارے بریفنگ دی۔دریں اثناء صحت علی جان خان نے صراطی ہسپتال کے نزدیک یتیم بچوں کے لئے صاحب ثروت افراد کی جانب سے قائم سکول،رہائش گاہ کا معائنہ کیااور اس نیک کام پر خوشی کا اظہار کیاانہوں نے زیر تعمیر مدراینڈ چائلڈ کیئرہسپتال میں جاری ترقیاتی کا م کا بھی معائنہ کیا۔