مظفر گڑھ کی شخصیات

حناربانی کھر ۔۔ پہلی خاتون وزیر خارجہ پاکستان

محمد شہزاد

 

حناربانی کھر ۔۔ پہلی خاتون وزیر خارجہ پاکستان

آپ معروف سیاستدان ملک غلام مصطفیٰ کھر کی بھیجی اور ملک غلام محمد نور ربانی کھر کی بیٹی ہیں۔ انہیں پاکستان کی پہلی خاتون وزیر خارجہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے [102] ۔ یہ اعزاز مملکت پاکستان میں بطور خاتون اب تک صرف انہیں ہی حاصل ہوا ہے۔ حناربانی کھر 19 نومبر 1977ء کو پیدا ہوئیں آپ کا تعلق مظفر گڑھ کے نواحی گاؤں کھر غربی سے ہے ۔ وہ خاندان کے دیگر نوجوانوں کے مقابلہ میں زیادہ ذہین تھیں۔ حنا ربانی کھر نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز سے اکنامکس میں بی ایس سی آنرز کیا۔ اس کے بعد وہ امریکہ چلی گئیں جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف میسا چوسٹس سے مینجمنٹ سائنسز میں ایم ایس کی کیا [103]۔ ان کی شادی لاہور کی ایک صنعت کار فیملی میں فیروز گلزار سے ہوئی ۔ 2002 ء میں انہوں نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور مظفر گڑھ کے حلقہ این اے 177 سے مسلم لیگ (ق) کی رکن قومی اسمبلی منتخب ہو ئیں۔ وزیر اعظم شوکت عزیز کی کابینہ میں بطور وزیر مملکت شامل ہوئیں۔ 2008ء میں ق لیگ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوئیں ۔ 2008ء کے انتخابات میں وہ دوبارہ قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں۔ انہیں وفاقی کابینہ میں بطور وزیر مملکت برائے خزانہ شامل کیا گیا۔ دونوں مرتبہ انہوں نے توقعات کے عین مطابق خدمات سرانجام دیں ۔ 2011ء میں شاہ محمود قریشی کے وزارت خارجہ سے الگ ہونے کے بعد اس وقت کے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے انہیں وزارت خارجہ کا قلمدان سونپا۔ وزارت خارجہ کا قلمدان انہوں نے اس وقت سنبھالا جب پاکستان انتہائی نازک حالات سے گزر رہا تھا۔ انہوں نے بھارت کا سرکاری دورہ کیا اور اپنے ہم منصب مسٹر ایس ایم کرشنا سے نئی دہلی میں ملاقات کی ۔ انہوں نے سیاسی تناؤ کو کم کرنے اور اعتماد کی فضا قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بھارتی ہم منصب سے ملاقات سے پہلے کشمیری حریت پسند لیڈروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں بھارتی حکومت سے ہو نیوالے مذاکرات پر اعتماد میں لیا [104] ۔ اگست 2011ء میں انہوں نے بطور وزیر خارجہ چین کا دورہ کیا ۔ بطور وزیر خارجہ آپ نے دنیا کے ہر فورم پر شاندار انداز میں پاکستان کا موقف پیش کر کے نہ صرف ملک وقوم بلکہ اپنے آبائی ضلع کا نام بھی روشن کیا ہے۔ آپ نہ صرف مظفر گڑھ بلکہ پاکستان بھر کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہیں ۔ اہل مظفر گڑھ کو اپنی اس بیٹی پر ناز ہے۔ آپ کی ان خدمات کے اعتراف میں اہل مظفر گڑھ نے آپ کو 2019ء میں ہلال مظفر گڑھ دیا ہے۔ اس وقت بھی آپ پیپلز پارٹی کی طرف سے ممبر قومی اسمبلی ہیں اور پارلیمنٹ میں شاندار کردار رہی ہیں۔

 

 

یہ مضمون محمد شہزاد کی کتاب "سرزمین مظفرگڑھ "سے لیا گیا ہے

 

یہ بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

For copy this text contact us :thalochinews@gmail.com